اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل نمائندے غلام علی خوشرو نے اقوام متحدہ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سے ملاقات میں انسان دوستی پر مبنی ایرانی عوام کی امداد یمنی عوام تک پہنچانے کے لئے اقوام متحدہ کی جانب سے فوری طور پر اقدامات انجام دیئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق یمن کے دارالحکومت صنعا میں ایک مجلس ترحیم پر سعودی اتحاد کے لڑاکا طیاروں کے حملے میں ایک سو چالیس سے زیادہ افراد شہید اور سیکڑوں زخمی ہونے اور اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے زخمیوں کو تہران کے ہسپتالوں میں منتقل کرنے کی آمادگی کے اعلان کے بعد اقوام متحدہ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اسٹیفن اوبرایان نے ایران کے مستقل نمائندے اور سفیر غلام علی خوشرو سے ملاقات اور گفتگو کی۔
غلام علی خوشرو نے اس ملاقات میں سعودی اتحاد کے لڑاکا طیاروں کی بمباری میں زخمی ہونے والوں میں سے بہت سے افراد کی تشویشناک حالت اور اس حملے میں وسیع پیمانے پر ہونے والے نقصان کی جانب اشارہ کیا اور فوری اقدامات انجام دینے کی ضرورت پر تاکید کی۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے ترجمان نے پیر کے دن کہاکہ اس ادارے کے حکام چاہتے ہیں کہ انسان دوستی پر مبنی امداد کسی رکاوٹ کے بغیر یمن تک پہنچے اور زخمیوں کے علاج یا ان کو کسی دوسرے ملک منتقل کئے جانے کا راستہ ہموار کیا جائے لیکن افسوس کہ ابھی تک یہ راستہ ہموار نہیں ہوسکا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲